• 18 اکتوبر, 2026

ہمارا رہے قلب روشن

تُو اپنی محبت عطا کر ہمیں
وفا کی سعادت عطا کر ہمیں

دلوں میں ہو ذوقِ عبادت خدا
نمازوں میں لذّت عطا کر ہمیں

چلیں تیری رہ پر، نہ گمراہ ہوں
خدایا ہدایت عطا کر ہمیں

عدو بھی گواہی دیں کردار کی
جہاں میں وہ سیرت عطا کر ہمیں

قدم لڑکھڑانے نہ پائیں کبھی
سدا استقامت عطا کر ہمیں

رہے قلب روشن ہمارا مدام
تُو نورِ بصیرت عطا کر ہمیں

چلیں تیرے رستے پہ ہم رات دن
ہمیشہ اطاعت عطا کر ہمیں

دلائل سے قائل کریں دہر کو
خدا ایسی جرأت عطا کر ہمیں

مقدر کا روشن ستارہ رہے
زمانے میں عزّت عطا کر ہمیں

رہے سر پہ یا رب! حیا کی ردا
وفا کی تُو دولت عطا کر ہمیں

(بشریٰ سعید عاطف ۔ مالٹا)

Read Previous

آج دنیا کی حالت بہت نازک ہو گئی ہے

Read Next

This Week with Huzoor (8؍اکتوبر 2022ء )

Most Popular